Peghambaran Alaihimusslam Ki Ziarat Ke Bayan Mein|پیغمبران علیہم السّلام کی زیارت کے بیان میں

Ticker

6/recent/ticker-posts

Header Ads Widget

Peghambaran Alaihimusslam Ki Ziarat Ke Bayan Mein|پیغمبران علیہم السّلام کی زیارت کے بیان میں

 

پیغمبران علیہم السّلام کی زیارت کے بیان میں

Peghambaran Alaihimusslam Ki Ziarat Ke Bayan Mein

     حضرت ابن سیرین رحمتہ اللہ  تعالےٰ علیہ نے فرمایا ہے کہ پیغمبران ِ علیہم السّلام تین قسم پر ہیں ۔ اوّؔل ، اولوالعزم ،دؔوم-:مرسل ۔سوؔم نبی ۔ پیغمبر اولو العزم چھ ہے -:

            اوّؔل، آدم علیہ السّلام ۔دومؔ، نوح علیہ السّلام ۔سوؔم حضرت ابراہیم علیہ الصّلوٰۃ والسّلام ۔ چہاؔرم ، حضرت مُوسٰے علیہ السّلام ، پنؔجؔم ، حضرت عیسٰے علیہ السّلام ۔ شؔشُؔم حضرت محمد مصطفٰے صلی اللہ علیہ وسلّم ۔

            مُر سل پیغمبر وہ ہیں کہ جن پر حضرت جبرئیل علیہ السّلام وحی لائے ہیں ۔ اُن کی تعداد تین سو تیرہ ہے اور صرف نبی وہ ہیں کہ جن پر حضرت جبرئیل علیہ السلام نازل نہیں ہوئے ۔

اولو العزم

            جو شخص اولو العزم پیغمبر کو خوا ب میں دیکھے ۔ عزّت اور جلال کی دلیل ہے اور اگر مُرسل کو دیکھے دشمنوں پر فتح پائے ۔اور اگر اُس موضع والے غم اور اندوہ اور سختی میں ہیں تو خیر اور صلاح اور دین ودُنیا کے کاروبار کی آبادی دیکھیں گے اور اگر پیغمبروں کو نقل مکانی کرتے دیکھے اور اُس موضع پر بددُعا کرتے ہیں ۔ تو دلیل ہے کہ اُس موضع پر بلائے عظیم حق تعالےٰ نازل کرے گا ۔ اس کی علاج توبہ اور اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع کرنا ہے -:

نبی

          حضرت کرمانی رحمتہ اللہ تعا لےٰ علیہ نے فرمایا کہ اگر بندہ مومن خواب میں کسی پیغمبر کو تازہ رو اور خوش دیکھے ،تو عزّت اور جاہ اور نصرت پائے گا اور غُصّہ میں  دیکھے تو بدحالی اور رنج اور سختی کی دلیل ہے اور اگر خواب میں پیغمبروں سے کچھ سُنے تو اُن کے علم سے حصّہ پانے اور خو شی کی دلیل ہےاور اگر دیکھے کہ اُس نے کسی پیغمبر کو مارا ہے تو یہ خیانت کی دلیل ہے ۔جیسا کہ حق تعالےٰ نے فرمایا ہے :فَبِمَا نَقۡضِھِمۡ مِّثَا قَھُمۡ وَکُفۡرِ ھِمۡ بِا یَاتِ اللہِ وَقَتۡلِھِمۡ الۡاَنۡبِیآءِ بِغَیۡرَ حَقٍّ ہؕ(اُن کی عہد شکنی اور آیاتِ الہٰی کے ساتھ  کُفر اور ناحق  نبیوں کو قتل کرنے کی وجہ سے  ):-

آدم علیہ السّلام

حضرت  جعفر صادق رضی اللہ تعالےٰ عنہ نے فرمایا ہے کہ کوئی شخص اگر آدم علیہ السّلام کو خواب میں دیکھے تو بزرگی اور ولایت پائے ۔فرمانِ حق تعالےٰ ہے : وَعَصٰی اٰدَمُ رَ بَّہُ فَغَوۡیٰ ثُمَّ اجۡتَبیٰ رَ بّہُ فَتَابَ عَلَیۡہِ وَھَدیٰ ۔(آدم علیہ السلام نے نافر مانی کی اور بہکا ۔ پھر اُس کے رب نے اُس کو برگزیدہ کیا اور تو بہ قبول کی اور ہدایت عنایت فرمائی ۔اور اگر خواب میں حضرت آدم علیہ السلام کو اپنے ساتھ بات  کرتے دیکھے تو یہ علم آموزی کی دلیل ہے۔ فرمانِ حق تعا لیٰ ہے ۔ وَعَلَّمَ اٰدَمَ الاَسۡمَآءَ کُلَّھَا (اور آدم ؑ کو سب نام سکھائے )۔

اگر خواب میں دیکھے کہ آدم علیہ السلام نے اطاعت نہیں کی ہے۔ تو یہ اس شخص کی نافرمانی  اور بدبختی  کی دلیل ہے اور اگر دیکھے کہ حضرت آدم علیہ السّلام نے اُس کا ہاتھ پکڑا ہے تو یہ  بزرگی اور سلطنت کی دلیل ہے :-

حوّا علیہا السّلام

اگر کوئی شخص حضرت حوّا علیہا السّلام کو خواب میں دیکھے تو دولت اور اقبال پائے ۔عیش اور خوشی اور۱؎ وافر نعمت اور ۲؎دراز عمر پائے۔

حاشیہ

۱؎ وافر نعمت:   بہت سی دولت

۲؎ دراز عمر:   لمبی عمر

حضرت نوح علیہ السّلام

اگر کوئی شخص حضرت نوح علیہ السلام کو خواب میں دیکھے تو عمر دراز پائے ۔لیکن  دشمن سے رنج اور سختی دیکھے اور انجام کا ر مُراد کو پہنچے۔

حضرت ادریس علیہ السلام

اگر کو ئی شخص حضرت ادریس علیہ السّلام کو خواب میں دیکھے تو اس کا کام نیک ہو اور ۳؎عاقبت محمود ہو۔

حاشیہ

۳؎ عاقبت محمود ہو :  انجام نیک ہو

حضرت ہُود علیہ السّلام

اگر کوئی شخص حضرت ہُود علیہ السّلام کو خواب میں دیکھے تو دُشمن اُس پر ا فسوس کرے اور آخر کا رفتح پائے۔

حضرت لُوط علیہ السّلام

اگر کو ئی شخص حضرت لوط علیہ السّلام کو خواب   میں دیکھے تو کام درست ہو اور دل کی مُراد  پائے۔

حضرت صالح علیہ السّلام

اگر کوئی شخص حضرت صالح علیہ السّلام کو خواب میں دیکھے اور جگہ بہ جگہ تاویل کرے اور اس پر۴؎ خیر کا دروازہ کھولا جائے۔

حاشیہ

۴؎خیر کا دروازہ کُھلنا:     بھلائ

حضرت ابراہیم علیہ السّلام

اگر کوئی شخص حضرت ابراہیم علیہ السّلام کو خواب میں دیکھے تو حج اسلام گزارے ۔بعض تعبیر بیان کرنے والے کہتے ہیں کہ با دشاہ ظالم اُس پر ظلم کرے اور وہ شخص ماں با پ کے ساتھ ۵؎بد خوئی سے پیش آئے گا۔

حاشیہ

       ۵؎ بدخوئی سے :   برائی سے

حضرت اسماعیل علیہ السّلام

اگر کوئی شخص حضرت اسماعیل علیہ السّلام کو خوا ب میں دیکھے تو۶؎بشارت فتح اور۷؎ غنیمت کی پائے ۔فرمانِ حق تعالےٰ ہے ۔ وَبَشَّرۡنَا ہُ بِاِسۡحٰق نَبِیًّا مِّنَ الصَّلِحِیۡنَ (ہم نے اس کو اسحاق ؑ نبی کی نیکیوں میں سے بشارت دی)۔

حاشی

 ۶؎ بشارت :   خوش خبری ،نیک خبر

حضرت یعقوب علیہ السّلام

  اگر کوئی شخص حضرت یعقوب علیہ السّلام کو خوا ب میں دیکھے تو فر زندوں کا غم و اندوہ کھائے  اور آخر کار غم خوشی سے بدل جائے:-

حضرت یُوسف علیہ السّلام

            اگر کوئی شخص حضرت یوسف علیہ السّلام کو خواب میں دیکھے تو لوگ اُس کے اُوپر۱؎ بہتان لگائیں اور انجامِ کار بزرگی پائے:-

حاشیہ

۱؎ بہتان لگائیں:       جھوٹا الزا م لگائیں

حضرت شعیب علیہ السّلام

       اگر کوئی شخص حضرت شعیب علیہ السّلام کو خواب میں دیکھے تو دشمن اُس پر غلبہ پائے اور پھر وہ خود فتح پائے:-

حضرت مو سٰے علیہ السّلام

            اگر کو ئی شخص حضرت مو سی ٰ علیہ السلام کو خواب میں دیکھے تواہل و عیال میں گر فتار ہو اور پھر خوش حال ہو جائے اور دشمن پر فتح پائے۔ فر مانِ حق تعالےٰ ہے :وَ وَ ھَبۡنَا لَہُ مِنۡ رَّحۡمَتِنۡاَ اَخَاہُ ھَا رُوۡنَ نَبِیّاً ہؕ (اور ہم نے اُس کواپنی رحمت سے اُس کا بھائی  ہارون نبی عنایت کیا)۔ اور بعض۲؎ تعبیر دان کہتے ہیں کہ آپ کو خواب میں دیکھنا اُس مُلک کے بادشاہ کے ہلاک ہونے کی دلیل ہے :-

حاشیہ

۲؎  تعبیر دان :         تعبیر جاننے والا

حضرت داؤد علیہ السّلام

حضرت  داؤد علیہ السلام کو خواب میں دیکھنا بزرگی اور بادشاہی ،نعمت اورمال مرتبے کی زیادتی کی دلیل ہے :-

حضرت زکریا علیہ السّلام

حضرت زکریا علیہ السّلام کو خواب میں دیکھنا ۳؎تو فیق  طا عت کی دلیل ہے :-

حاشیہ

۳؎توفیق طاعت:    بندگی کی سمّت

حضرت یحیٰی علیہ السّلام

اگر کوئی شخص یحییٰ علیہ السّلام کو خواب میں دیکھے تو اللہ تعالےٰ اُس کو کارِ خیر کی توفیق  عطا کر ے گا :-

حضرت خِضر علیہ السّلام

حضرت خِضر علیہ السّلام کو خواب میں دیکھنا ، درازی سفر ، امن، رزق اور درازیٔ عمر کی دلیل ہے :-

حضر ت یُونس علیہ السّلام

اگر کوئی شخص حضرت یُونس علیہ السّلام کو خواب میں دیکھے  تو غموں سے نجات پائے اور ۴؎تاریکی سے انشأ اللہ تعالیٰ روشنی میں آئے۔

حاشیہ

۴؎ تاریکی :   اندھیرا

حضرت ایوب علیہ السّلام

اگر کوئی شخص حضرت ایوب علیہ السّلا م کو خواب میں دیکھے تو نا اُمیدی امیدسے بدل جائے اور تو فیق  طاعت و خیرات ہو:-

حضرت مُحمد مصطفٰے صلی اللہ علیہ وآلہٖ واصحا بہٖ و سلّم

اگر کوئی شخص حضرت مصطفٰے صلی اللہ علیہ وآلہٖ و اصحابہٖ وسلّم کو خواب میں دیکھے تو سب غموں سے راحت پائے ۔ قرض سے سرخرو ہو جائے ۔ قیدی ہو تو نجات پائے ۔ دہشت ہو تو امن پائے ۔ قحط و تنگی دُور ہو۔ بعض کہتے ہیں کہ اگر مالدار ہو تو درویش ہو جائے گا۔

حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہا ہے کہ مَیں نے رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وسلّم سے سُنا ہے جس نے مجھے خواب میں دیکھا ہے اُس نے درست دیکھا ہے : مَنۡ رَاٰنِیۡ فَقَدۡرَ اَ ی الۡحَقَّ فَاِ نَّ الشَّیۡطَانَ لاَ یَتَمَثَّلُ بَیۡ (جس نے مجھے دیکھا اُس نے حق دیکھا۔ کیونکہ شیطان میری صورت نہیں بن سکتا ہے ) اور جو کوئی  مجھے خواب میں دیکھے گا ، غم و اندوہ نہ دیکھے گا۔ تعجب نہ کرو، میری زیارت کی تاویل  زیادہ تر سعادت ِ آخرت ہے ۔

اگر آپ کو خواب میں ترش رو دیکھا جائے تو یہ سُستی دِین اور اس مُلک میں بد عت کے ظاہر ہو نے کی دلیل ہے اور اگرآپ کو ایسی جگہ دیکھے کہ لوگ پُکارتے ہیں تو یہ اس امر کی دلیل ہے کہ وہ اُجڑا ہُوا ملک  پھر آباد ہو جائے گا اور اگر آپ کو کچھ کھاتے ہُوئے دیکھے تو صدقہ اور زکوٰۃ دینے کی دلیل ہے ۔ اور اگر آپ کو ایسی جگہ دیکھے جہاں کس طرح کی بلا اور محنت نہیں ہے تو اس مو ضع میں اور زیادہ نعمت ہوگی۔ خاص کر اگر مسجد میں دیکھے اور اگر آپ کو غمناک یا بیمار دیکھے تو یہ اُس شخص کے دین کی کمزروی کی دلیل ہے ۔

حضرت کر مانی رحمتہ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ اگر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلّم کو کسی جگہ یا شہر میں دیکھے تو یہ دلیل ہے کہ اس جگہ نعمت فراخ ہو گی اور لوگوں کو جمعیّتِ خاطر ہوگی اور اُس جگہ والے دشمن پر فتح حاصل کریں گے۔

اور اگر آپؐ کے اعضا ء میں سے کسی عضو کو کم ہُوا دیکھے تو  یہ دلیل ہے کہ اُس جگہ کے لوگ شریعت میں سُست ہیں ۔ کیو نکہ آپؐ کے جسم کا نقصان اُس شخص کے دین کا نقصان ہے ۔ اور اگر  دیکھے کہ آپؐ نے اُس کو تَر یا خشک میوے دیئے ہیں تو اُس کو دین میں پارسائی حا صل ہوگی۔

حضرت ابن سیرین رحمتہ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ اگر کوئی شخص خواب میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھے تو نیک لوگ دیکھتے ہیں اور آپؐ اُن کو اُن چیزوں کی بشارت دیتے ہیں ۔ جو اُن کو پہنچیں گی اور بُرے آدمیوں کو گُناہ کرنے سے  بچاتے ہیں تاکہ عذاب سے نجات پائیں ۔ کیو نکہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم مو منوں کے لیے۱؎ بشیر اور کافروں کے لیے۲؎ نذیر ہیں ۔ اگر آپؐ کو کوئی خواب میں غضب ناک دیکھے تو یہ دلیل اچھی نہیں ہے۔

حاشیہ

۱؎ بشیر :     بشارت دینے والا

۲؎ نذیر :    ڈرانے والا عذابِ حق تعالےٰ سے۔

حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ تعالےٰ عنہ نے فرمایا ہے کہ اگر کوئی  آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلّم کا جنازہ خواب میں دیکھے تو اُس مُلک میں رنج اور مصیبت بہت آئے گی اور اگر جنازے کے پیچھے  آپؐ کو جاتے دیکھا تو یہ خواہش اور بدعت کی دلیل ہے اور اگر آپؐ کو دیکھ کر صرف زیارت کی تو یہ مال اور نعمت اور ولایت پانے کی دلیل ہے ۔ اور اگر دیکھے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلّم اُس پر افسوس کرتے ہیں تو یہ اُس کے کافر ہو نے کی دلیل ہے ۔ جیسا کہ حق تعالیٰ نے ارشاد فرمایا ہے قُل اِبَاللہِ وَ اٰ یَا تِہٖ وَرَسُوۡ لِہٖ کُنۡتُمۡ تَسۡتَھزِءُوۡن ہ لاَ تَعۡذِ رُ وۡ اَقۡدَ کُفَرۡتُمۡ بَعۡدَ اِ یۡمَا نِکُمۡ (کہہ دو ، کیا اللہ اور اُس کی آیتوں اور اُس کے رسول پر تمسّخر کرتے ہو۔ عذرنہ کرو۔ تم نے اپنے ایمان کے بعد کفر کیا ہے ۔

حضر ت جعفر صادق رضی اللہ تعالےٰ عنہ نے فر مایا ہے کہ خواب میں پیغمبروں کی زیارت دس وجہ پر ہے ۔(۱) رحمت (۲) نعمت(۳) عزّت(۴) بزرگی(۵) دولت(۶)۱؎ظفر(۷) ۲؎سعادت(۸ؔ) جمعیت (۹) قوت (۱۰) دونوں جہان کی خیر۔ اور موضع کے لوگوں کی بہتری کہ جس جگہ یہ خواب دیکھا گیا ہے :-

حاشیہ

۱؎ ظفر:    فتحمندی

 ۲؎ سعادت:   نیک بختی

کتا ب کا نام

تعبیرالرؤیاء

مصنف

علا مہ ابن سیرین

اُردو ترجمہ

ابو القاسم دلاوری

ناشر

فرید بُکڈپو (پرائیویٹ ) لمٹیڈ

 

 

Post a Comment

0 Comments