Kitab by Jamal Nasir|کتاب- جمال ناصر

Ticker

6/recent/ticker-posts

Header Ads Widget

Kitab by Jamal Nasir|کتاب- جمال ناصر

 

کتاب- جمال ناصر

Kitab by Jamal Nasir


ذہن و دل میں علم کی شمعیں جلاتی ہے کتاب

تیٖرگی سے روشنی میں ہم کو لاتی ہے کتاب

طالبانِ علم ہوں یا ہو کوئی استادِ فن

ہر کسی پر علم کے موتی لُٹاتی ہے کتاب

کوئی کب،کیا کار نامہ اس جہاں میں کر گیا

عظمتِ اسلاف کے قصّے سناتی ہے کتاب

اس میں تصویٖریں بھی ہیں،خاکے بھی ،گُل بوٹے بھی ہیں

نت نئے رنگوں سے سب کا دِل لُبھاتی ہے کتاب

چیٖن کی،جاپان کی،ایران و عربستان کی

گھر میں بیٹھے سیر دنیا کی کراتی ہے کتاب

پاس جب کوئی نہ ہو تب دوست بن جاتی ہے یہ

کس قدر تنہائیوں میں کام آتی ہے کتاب

مُسکرا کر مشکلوں کا سامنا کیسے کریں

حوصلوں کی ، عزم کی باتیں سِکھاتی ہے کتاب

نیکیاں کیسے کریں ، کیسے بُرائی سے بچیں

امتیازِ خیر و شر کیا ہے ، بتاتی ہے کتاب

روز کرتی ہے نئی باتوں سے ہم کو آشنا

ہاں ، ہمارا علم ہر لمحہ بڑھاتی ہے کتاب

کس طرح بہتر طریقے سے گزاریں روز و شب

زندگانی کا ہنر ہم کو سکھاتی ہے کتاب

صرف آنکھیں ہی نہیں ، بیدار ذہن و دل بھی ہوں

جاگ جاؤ ، خوابِ غفلت سے جگاتی ہے کتاب

مجھ کو پڑھ کر دولتِ علم و ہنر حاصل کرو

اک یہی پیغام دنیا کو سناتی ہے کتاب

Post a Comment

0 Comments